تہران : وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سید محسن نقوی نے ایران کے صدارتی محل کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق یہ ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل تھی جو تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی۔ مجموعی طور پر وزیر داخلہ محسن نقوی تین گھنٹے تک صدارتی محل میں موجود رہے، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے سفارتی تعلقات کا عکاس ہے۔
اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور وزیر خارجہ سید عباس عراقچی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی، دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس دورے کو پاک ایران تعلقات کی مضبوطی اور سرحدی و انتظامی معاملات میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
