اسلام آباد : وزارت اوورسیز پاکستانیز نے بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے کی جانے والی شکایات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔دستاویزات کے مطابق گزشتہ تین برس کے دوران تنخواہوں کی عدم ادائیگی، نامناسب رہائشی و ورکنگ حالات اور دیگر مسائل کے حوالے سے مجموعی طور پر 9 ہزار 233 شکایات موصول ہوئیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ 5 ہزار 321 شکایات درج کروائی گئیں۔اسی طرح متحدہ عرب امارات میں 404، قطر میں 539، عمان میں 850پاکستانیوں نے شکایات کا اندراج کروایا۔دستاویزات کے مطابق کویت میں 132، بحرین میں 1310 جبکہ عراق میں 677 پاکستانیوں نے مختلف مسائل کے حوالے سے شکایات درج کروائیں۔
