اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے بے نظیر کفالت کی رقم میں 5500 روپے اضافے کا مطالبہ کردیاہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے رقم 14500 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار کرنے کی تجویزدی ہے اورآئی ایم ایف مشن کے ساتھ اس وقت بے نظیر انکم پروگرام پر مزاکرات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق مشن کو بے نظیر انکم پروگرام کے تمام آپریشنز پر بریفنگ دی جا رہی ہے، مذاکرات میں بے نظیر انکم پروگرام کے سوشل پروٹیکشن سسٹم کا جائزہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق بی آئی ایس پی حکام کی طرف سے مشن کو کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ ڈیٹا پر بریفنگ کی گئی جبکہ خاندانوں کی رجسٹریشن، سہہ ماہی رقم، آئندہ مالی سال کی ضروریات پرتفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ آئندہ مالی سال کفالت پروگرام کی سہ ماہی رقم میں اضافہ کیا جائے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن کے ساتھ آج مجموعی طور پر 4 ملاقاتیں شیڈول ہیں، مشن کی ایک ملاقات بے نظیر انکم اور تین ایف بی آر حکام کے ساتھ ہونگی۔
