اسلام آباد: سوشل میڈیا کو ہلا کر رکھ دینے والے ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ملزم عمر حیات کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کی سزا سنادی، جبکہ لاکھوں روپے جرمانہ اور اضافی قید بھی سنائی گئی۔
فیصلہ سناتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ پیش کیے گئے شواہد، کال ریکارڈز، چیٹس اور دیگر ثبوتوں نے ملزم کے خلاف کیس کو مضبوط بنایا۔ سماعت کے دوران عدالت میں پیش کیے گئے اسکرین شاٹس اور کال ڈیٹا نے کیس کو نیا رخ دیا، جس کے بعد عدالت نے سخت فیصلہ سنایا۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے ملزم کو دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 30 سال قید اور 24 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی دی۔ ڈکیتی اور گھر میں گھسنے کی دفعات میں بھی الگ الگ سزائیں سنائی گئیں۔
یاد رہے کہ نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل نے پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی، جبکہ سوشل میڈیا پر انصاف کے لیے شدید مہم چلائی گئی۔ فیصلے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے عدالت کے اقدام کو “انصاف کی جیت” قرار دیا ہے۔
یہ کیس گزشتہ کئی ماہ سے ملکی میڈیا اور سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ زیر بحث رہنے والے مقدمات میں شامل تھا۔
