اسلام آباد(الفجرآن لائن)قومی اسمبلی اجلاس میں پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ تعلقات کے حوالے سے قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ایوان میں پیش کی۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چین سے آئے پارلیمانی وفد کا ایوان میں شاندار استقبال کیا گیا۔ وفد کی آمد پر ارکانِ اسمبلی نے ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارے چائنہ سے مہمان آئے ہیں، ان کا ہم استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ چین کا وفد ایوان میں موجود ہے اور وہ اسپیکر باکس میں تشریف فرما ہیں۔ انہوں نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دل کی اتھاہ گہرائیوں سے اپنے برادر ملک چین کے وفد کا خیر مقدم کرتا ہے۔اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سارا پاکستان جانتا ہے کہ ہمارے اور حکومت کے درمیان اختلافات ہیں، ہم بائیکاٹ پر تھے، تاہم چینی دوستوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے بائیکاٹ موخر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمسایہ اور بہترین دوست ہے اور پاکستانی عوام چینی عوام کے احسانات کو نہیں بھولیں گے۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی چینی وفد کو خوش آمدید کہا جبکہ سید نوید قمر نے کہا کہ چین نہ صرف پاکستان کے دل و دماغ میں خاص مقام رکھتا ہے بلکہ ایک بہترین شراکت دار بھی ہے۔قرارداد کی منظوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو کی چائنیز وفد کے پاس جا کر ملاقات کی۔
