اسلام آباد (الفجرآن لائن) نئے مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان سیاسی و اقتصادی مشاورت میں تیزی آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی ترقیاتی بجٹ اور وسائل کی تقسیم کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان اہم رابطے جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دونوں فریقین کے درمیان سہولت کار کا کردار ادا کیا، جبکہ ان کی رہائشگاہ پر حکومتی اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کی اہم مذاکراتی بیٹھک بھی منعقد ہوئی۔
مذاکرات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے شرکت کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں اور صوبائی فنڈز سے متعلق تجاویز پیش کیں۔حکومت کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر ایاز صادق، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر نے کی۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی بجٹ کمیٹی نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے اپنی سفارشات حکومت کو پیش کر دی ہیں، جن میں صوبوں کے ترقیاتی فنڈز اور عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا ہے۔حکومتی کمیٹی نے تجاویز پر مزید مشاورت کے لیے وقت طلب کر لیا، تاہم دونوں فریقین نے بجٹ تجاویز پر مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی منصوبوں کے مالی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ آئندہ چند روز میں دونوں جانب کی کمیٹیوں کے دوبارہ رابطے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
