نئی دہلی (الفجرآن لائن) بھارت کی جانب سے سالال ڈیم کے اسپِل وے گیٹس کھولنے کے اعلان کے بعد پاکستان کے صوبہ پنجاب میں دریائے چناب میں پانی کی سطح اچانک بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابقٍ بھارتی حکام نے اعلان کیا ہے کہ دریائے چناب پر واقع سالال ڈیم کے اسپِل وے گیٹس 21 مئی سے 30 مئی تک ذخائر سے گاد نکالنے کے لیے کھولے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آفس ریاسی، جموں و کشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ عمل 21 مئی صبح 9 بجے سے شروع ہو کر 30 مئی تک جاری رہے گا۔دریائے چناب پاکستان اور بھارت کے درمیان مشترکہ دریاؤں میں سے ایک ہے، اور ماضی میں مون سون کے دوران بھارت کی جانب سے اضافی پانی کے اخراج سے پاکستان کے مشرقی پنجاب میں سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے چناب کی سطح میں اچانک 2 سے 3 میٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے خاص طور پر مرالہ بیراج کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پانی کے اچانک اخراج اور بھاری تلچھٹ کے باعث دریائی بہاؤ میں غیر معمولی تبدیلیاں آسکتی ہیں، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
