کوئٹہ : وفاقی آئینی عدالت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں ضلع کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی الیکشن کمشنر کوئٹہ / کنوینر حلقہ بندی کمیٹی کی جانب سے آج حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں شائع کر دی گئی ہیں، جن میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز زرغون، چلتن، سریاب اور تکتو کی شہری یونین کونسلز اور وارڈز شامل ہیں۔ ضلع میں مجموعی طور پر 222 شہری یونین کونسلز اور 750 وارڈز ہیں۔
مزید برآں, ٹاؤن میونسپل کارپوریشن تکتو میں 59 شہری یونین کونسلز اور 204 وارڈز، زرغون میں 60 شہری یونین کونسلز اور 199 وارڈز، چلتن میں 54 شہری یونین کونسلز اور 180 وارڈز جبکہ سریاب میں 49 شہری یونین کونسلز اور 167 وارڈز شامل ہیں۔ حلقہ بندیاں تمام قانونی تقاضوں اور شفاف طریقہ کار کے مطابق مکمل کی گئی ہیں تاکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد منصفانہ، مؤثر اور آئینی تقاضوں کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔
