کوئٹہ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک اور نوحصار میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پرسی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خفیہ اطلاع پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 9 دہشتگردوں کا ہلاک ہونا سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور عوام کے تحفظ کے عزم کا واضح ثبوت ہے
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے میر سرفراز بگٹی نے فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 4 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وطن کے امن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔
