وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس، آئی جی پولیس بلوچستان نے چمن پھاٹک دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے، محسن نقوی، میر سرفراز بگٹی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت اس دکھ کی گھڑی میں بلوچستان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ درندہ صفت دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت کا مظاہرہ کیا ہے محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں بلوچستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے خون کے مقروض ہیں اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر اور سخت انداز میں جاری رکھی جائیں گی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ہر سطح پر ان کی معاونت جاری رکھے گی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ خود زخمیوں کے علاج معالجے کی نگرانی کر رہے ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے
کوئٹہ(الفجر آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے کے حوالے سے ایک خصوصی اعلیٰ سطحی اجلاس اتوار کو یہاں منعقد ہوا جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور دھماکے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں آئی جی بلوچستان پولیس محمد طاہر خان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اجلاس کے دوران آئی جی بلوچستان پولیس نے چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی اور واقعے سے متعلق اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی اجلاس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی جبکہ شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا
