ماسکو(الفجر آن لائن)روس کے زیر کنٹرول جزیرہ نما کریمیا میں یوکرین کے ڈرون حملوں میں چار افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے ہیں، یہ دعویٰ روسی حکام کی جانب سے کیا گیا ہے۔
کریمیا کے روسی مقرر کردہ گورنر سرگئی اکسیونوف کے مطابق حملے کے بعد خطے کے مختلف فیول اسٹیشنز پر عوامی و تجارتی سطح پر ایندھن کی فروخت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جبکہ سپلائی صرف سرکاری اداروں اور ضروری خدمات کے لیے محدود کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب روس کے جنوبی علاقے کراسنودار میں بھی ایک آئل ٹرانسپورٹ تنصیب پر ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ روسی حکام کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق رات بھر میں 239 یوکرینی ڈرونز کو مار گرایا گیا، تاہم متعدد مقامات پر نقصان کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔حکام کے مطابق حملوں کے بعد کریمیا کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور پاور گرڈ میں خرابی کے باعث لوڈشیڈنگ اور بلیک آؤٹس رپورٹ ہوئے۔
مزید یہ کہ کرچ آبنائے پر کریمیا اور روس کے درمیان فیری سروس عارضی طور پر معطل رہی، جبکہ اہم پل پر ٹریفک بھی نو گھنٹے سے زائد بند رہی، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور دونوں جانب سے حملوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔
