اسلام آباد پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جامع اور مثر سکیورٹی انتظامات نافذ کر رکھے ہیں، وزیر مملکت داخلہ
اسلام آباد(الفجرآن لائن)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ نویں محرم کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا۔ چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلی حکام بھی دورے کے موقع پر موجود تھے۔وزیر مملکت داخلہ نے جلوس کے سکیورٹی پلان، داخلی و خارجی راستوں اور نگرانی کے نظام کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی مرکزی کنٹرول روم سے ملک بھر میں محرم جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جامع اور مثر سکیورٹی انتظامات نافذ کر رکھے ہیں۔جلوس کی مانیٹرنگ جدید سرویلنس سسٹم، سیف سٹی کیمروں اور کنٹرول روم کے ذریعے مسلسل جاری ہے،طلال چوہدری نے عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر جامع چیکنگ کا مؤثر نظام نافذ کیا گیا تھا۔وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ڈیوٹی پر مامور افسران کو عزاداروں کے لیے ہر ممکن سہولت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
