مری (ویب ڈیسک) مری ایکسپریس وے پر سفر کرتیہوئی ایک مسافر وین میں اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق، کنٹرول روم کو ٹال فری ہیلپ لائن 130 کے ذریعے واقعے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی قریب موجود پٹرولنگ افسران نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے فی الفور موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
موٹروے پولیس کے جری افسران نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وین میں محصور تمام مسافروں اور ڈرائیور کو بحفاظت باہر نکالا اور پٹرولنگ گاڑی میں موجود فائر ایکسٹنگوشر کی مدد سے آگ پر بروقت قابو پا لیا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی اس فوری اور جاندار کارروائی کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام افراد کسی بھی جانی نقصان سے محفوظ رہے۔ مسافروں اور عینی شاہدین نے مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے پر موٹروے پولیس کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا
