یکم سے 6 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی
راولپنڈی (الفجرآن لائن)محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات ایک مغربی ہوا کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اس دوران بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں مسلسل اثر انداز رہیں گی جبکہ خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں 2 جولائی سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے ان موسمی نظاموں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز متوقع ہے محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران کشمیر میں مختلف مقامات پر آندھی، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش ہوگی
جبکہ چند علاقوں میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے خیبر پختونخوا میں یکم سے 5 جولائی تک بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر شدید بارش متوقع ہے اسی طرح پنجاب میں یکم سے 6 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور اور دیگر بالائی اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے گلگت بلتستان میں بھی یکم سے 5 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیش گوئی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں
