، ٹیچر سمیت6بچوں کی حالت خطرے سے باہر، مزید بچوں کو ریسیکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری
وزیراعلیٰ مریم نواز، وزیراعظم شہباز شریف کا واقعہ کا نوٹس، فوری تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے ، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
لاہور(الفجر آن لائن)لاہور کے علاقے کاہنہ نو میں ٹیوشن کے دوران ایک رہائشی مکان کی چھت منہدم ہونے سے 14بچے جاں بحق،6بچوں کی حالت خطرے سے باہر،10 بچوں کی حالت تشویشناک ہسپتال داخل، مزید بچوں کو ریسیکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری،
تفصیلات کے مطابق کاہنہ نو کے دیہی علاقے بستی عید گاہ میں ایک گھر میں ٹیوشن سینٹر قائم تھا، جہاں روزانہ قریباً 35 بچے تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹی آر گارڈر سے بنی گھر کی چھت اچانک گر گئی اور اندر موجود بچے اس کے نیچے دب گئے۔واقعے کے فوراً بعد اہلِ محلہ نے امدادی اداروں کو اطلاع دی، جس پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ مقامی افراد بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں۔ابتدائی کارروائی کے دوران خاتون اسکول ٹیچر سمیت کئی بچوں کو ملبے سے نکال لیا گیا، جبکہ دیگر بچوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے نکالے گئے کئی بچوں کی سانسیں رکنے کے قریب تھیں، جس پر امدادی اہلکاروں نے فوری طور پر ان کے منہ اور ناک سے مٹی صاف کی تاکہ سانس بحال ہو سکے، بعد ازاں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔کئی زخمی بچوں کی حالت نازک بتائی گئی، جبکہ بعض بچوں کی نبض بھی محسوس نہیں ہو رہی تھی، جس کے باعث جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ مکان کی چھت پر مٹی کی بڑی مقدار موجود تھی، جس کے باعث چھت گرنے کے بعد بچے مٹی تلے دب گئے۔
امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور متاثرہ بچوں کی حتمی تعداد کا تعین ابھی نہیں ہو سکا۔ اب تک 20 بچوں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے، جبکہ مجموعی طور پر متاثرہ بچوں کی تعداد 20 سے 25 کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ تاہم مقامی رہائشیوں کے مطابق اس ٹیوشن سینٹر میں روزانہ قریباً 35 بچے پڑھنے آتے تھے۔ریسکیو حکام احتیاط کے پیشِ نظر بھاری اوزار استعمال کرنے کے بجائے ہاتھوں سے مٹی ہٹا رہے ہیں تاکہ ملبے میں پھنسے بچوں کو مزید نقصان نہ پہنچے۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائی مکمل ہونے میں مزید ڈھائی سے 3 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
دریں اثنا ٹی ایچ کیو اسپتال کاہنہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے تصدیق کی ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں 14 بچے جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ خاتون ٹیچر سمیت 4 بچے زخمی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لے لیاوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، اور صوبائی وزرا کو ہدایت کی ہے کہ فوری جائے حادثہ پر پہنچیں۔مریم نواز نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے
