پولیس 35 ہزار 719 افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کر چکی، ترجمان
لاہور (الفجرآن لائن) پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر سے 35 ہزار 719 افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کر چکی ہے جبکہ 72 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 14 ہزار سے زائد مرد، 7 ہزار 138 خواتین اور 14 ہزار 529 بچے شامل ہیں۔ ڈی پورٹ ہونے والوں میں 11 ہزار 47 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار 135 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 13 ہزار 537 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے
