عدالتی احکامات پر غیر قانونی قابضین کے خلاف آپریشن، پولیس اور اے ٹی ایس کی بھاری نفری تعینات
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی6 واقع سی ڈی اے فلیٹس سے غیر قانونی قابضین کو بے دخل کرانے کے لیے انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ کارروائی اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی رہائش اختیار کرنے والے افراد کو فلیٹس خالی کرانے کے لیے بے دخلی آپریشن 2 جولائی سے شروع کیا جائے گا، جس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔آپریشن کے دوران چار پلاٹون پولیس، انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) اور خواتین اہلکار تعینات کیے جائیں گے،
جبکہ ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او آبپارہ موقع پر موجود رہ کر سکیورٹی اور کارروائی کی نگرانی کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک مجسٹریٹ بھی آپریشن کی نگرانی کرے گا تاکہ کارروائی قانون کے مطابق اور پرامن انداز میں مکمل کی جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ مزاحمت کے خدشے کے پیش نظر غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ سی ڈی اے انفورسمنٹ، ورکس اور مینٹیننس کی ٹیموں کو بھی مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے
