جھیکاگلی تا جی پی او چوک ٹریفک معطل،1122،واپڈا،ٹریفک پولیس،جنگلات کی کارروائی کے بعد سڑک بحال،ندی نالوں میں طغیانی اور نکاسی آب کا نظام متاثر
مری(الفجرآن لائن)مری میں پری مون سون بارش کے شدید طوفانی سپیل کے باعث جھیکاگلی سے جی پی او چوک جانے والی مرکزی سڑک پر ایک بڑا درخت اور اس کے ساتھ بندھا واپڈا کا بجلی کا کھمبا گر گیا۔جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم 11 کے وی بجلی کی تاریں سڑک پر گرنے کے باعث آمد و رفت کافی دیر کے لیے معطل رہی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاع ملتے ہی جناح ہال میں قائم کنٹرول روم فوری طور پر متحرک ہوگیا اور ریسکیو 1122، واپڈا، ٹریفک پولیس اور محکمہ جنگلات کے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا۔ تمام اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے درخت ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا۔ جبکہ واپڈا کی ٹیم بجلی کی بحالی کے لیے کام میں مصروف رہی۔
ادھر مسلسل بارشوں کے باعث مری اور گردونواح میں ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی،جبکہ ناقص نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور بہنے سے شہریوں اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار ۔کرنے کی ہدایت کی ہے،
