کوئٹہ( الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعلیمی دوست وژن کے تحت بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی جانب سے صوبے بھر میں مستحق اور ذہین طلبہ و طالبات کو میرٹ اسکالرشپس کی فراہمی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع لورالائی کے تعلیمی سال 2025-26 کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات کو میرٹ اسکالرشپس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا مقصد صوبے کے ذہین، باصلاحیت اور مستحق طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور انہیں مالی معاونت کے ذریعے اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع دینا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں یہ پروگرام بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے ایک اہم اقدام ثابت ہو رہا ہے۔
ضلع لورالائی سے منتخب ہونے والے نمایاں طلبہ و طالبات نے اپنی شاندار تعلیمی کارکردگی کے ذریعے نہ صرف اپنے والدین بلکہ ضلع اور پورے بلوچستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ نے ان کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی محنت، لگن اور قابلیت کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھتے ہوئے صوبے اور ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ خالد ماندائی نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر طلبہ و طالبات کو تعلیمی معاونت فراہم کر رہا ہے تاکہ مالی مشکلات کسی بھی ذہین طالب علم کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں نوجوانوں کی تعلیم، صلاحیتوں میں اضافہ اور انسانی وسائل کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور بی ای ای ایف اسی وژن کو عملی شکل دینے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ مستقبل میں بھی صوبے کے ہر ضلع کے ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معاونت کے لیے اپنی کاوشیں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا تاکہ بلوچستان کا ہر نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے روشن مستقبل کی جانب گامزن ہو سکے۔
