صدر رجب طیب ایردوان سے دوطرفہ تعلقات، تجارت اور علاقائی سلامتی پر اہم مذاکرات ہوں گے۔
استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کا مصروف دورہ، پاک۔ترکیہ اقتصادی تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر خصوصی توجہ
استنبول(الفجرآن لائن)وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر استنبول پہنچ گئے، جہاں وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی امن و سلامتی سمیت باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس میں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، آئی ٹی اور نجکاری سمیت پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق استنبول کے اتاترک ایئر پورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکیہ کے وزارت خارجہ اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

