اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکہ کے 250 ویں یوم آزادی کے تاریخی موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وہاں کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی تہنیتی پیغام میں صدر زرداری نے امریکہ کے جمہوریت، آزادی اور جدت پسندی کے تاریخی سفر کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر مملکت نے اپنے خط میں واضح کیا کہ پاک امریکہ تعلقات اس وقت مثبت اور تعمیری سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کی سیکیورٹی اور دہشت گردی کے خاتمے جیسے اہم شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور ثقافتی روابط کا ایک مضبوط اور مستقل ذریعہ ہے۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے علاقائی امن کے لیے امریکی کوششوں، خصوصاً جوہری ممالک کے درمیان سیز فائر (جنگ بندی) کروانے میں صدر ٹرمپ کے سفارتی کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے ایران کے ساتھ علاقائی مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی پر امریکی اعتماد کا شکریہ ادا کیا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جلد از جلد اسلام آباد کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی سوشل میڈیا پر امریکی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

