میر غلام قادر بگٹی میموریل اسپتال بیکڑ میں قائم جدید آپریشن تھیٹر میں 50 سے زائد سرجریز بغیر کسی پیچیدگی کے کامیابی سے مکمل کر لی گئی کامیابی کی شرح سو فیصد رہی
کوئٹہ/ ڈیرہ بگٹی( الفجرآن لائن) بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ انہی اصلاحاتی اقدامات کے تحت میر غلام قادر بگٹی میموریل اسپتال بیکڑ میں قائم جدید آپریشن تھیٹر میں 50 سے زائد سرجریز بغیر کسی پیچیدگی کے کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہیں، جو صوبے میں صحت کے شعبے کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے تاثرات میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ میر غلام قادر بگٹی میموریل اسپتال بیکڑ میں جدید آپریشن تھیٹر کے قیام کے بعد 50 سے زائد کامیاب سرجریز کا مکمل ہونا نہایت حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرجریز کامیابی کے ساتھ انجام دی گئیں اور کامیابی کی شرح سو فیصد رہی، جو طبی عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید سہولیات اور حکومت کی مؤثر پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد دور دراز علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کا محور عوام کو بروقت، محفوظ اور معیاری علاج کی فراہمی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں میر سرفراز بگٹی نے ہسپتال کے ڈاکٹرز، سرجنز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتھک محنت کے باعث یہ اہم کامیابی ممکن ہوئی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان بھر میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، جدید طبی آلات کی فراہمی اور صحت کی بنیادی و خصوصی سہولیات کی توسیع کا عمل مزید تیز کیا جائے گا تاکہ ہر فرد کو معیاری علاج کی سہولت میسر آ سکے۔

