کوئٹہ ( الفجرآن لائن) بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر حکومت نے سخت ایکشن لے لیا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق حادثے کی ذمہ دار بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پیش آنے والے اس خوفناک حادثے میں ۴۰ افراد جاں بحق جبکہ ۸ شدید زخمی ہوئے تھے۔
معاون وزیر اعلیٰ شاہد رند نے واضح کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا ہر پہلو سے تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کیا جا سکے۔ حکومت بلوچستان نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو ہر صورت انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کے لیے حکومت نے صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اب مسافر گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹس اور حفاظتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹرانسپورٹ کے نظام کو درست کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔

