آج ڈیجیٹلائزڈ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح ایک متاثرکن تبدیلی ہے جو پورے ہیلتھ سیکٹر میں انقلاب برپا کر دیگی۔ اب تمام مراکز صحت کا ڈیٹا ریگولر ریکارڈ پر رہیگا، ڈاکٹرز اینڈ پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضریاں، ادویات کی فراہمی و تقسیم حتیٰ کہ ضلعی سطح پر متعلقہ عمارت اور لیبر روم کی فعالیت بھی واضح ہوگی۔ یہ اہم اقدام تمام ہسپتالوں اور بی ایچ اوز کی شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی میں ایک نئے معیار کو یقینی بنائیگا۔ اسکے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر یا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو بھی جوابدہ بنایا جا رہا ہے جو پہلے کبھی نہیں تھا جس پر صوبائی وزیرصحت بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی خراج تحسین کے مستحق ہیں
کوئٹہ( الفجرآن لائن) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج ڈیجٹلائزڈ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح ایک متاثرکن تبدیلی ہے جو پورے ہیلتھ سیکٹر میں انقلاب برپا کر دیگی۔ اب تمام مراکز صحت کا ڈیٹا ریگولر ریکارڈ پر رہیگا، ڈاکٹرز اینڈ پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضریاں، ادویات کی فراہمی و تقسیم حتیٰ کہ ضلعی سطح پر متعلقہ عمارت اور لیبر روم کی فعالیت بھی واضح ہوگی۔ یہ اہم اقدام تمام ہسپتالوں اور بی ایچ اوز کی شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی میں ایک نئے معیار کو یقینی بنائیگا۔ اسکے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر یا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو بھی جوابدہ بنایا جا رہا ہے جو پہلے کبھی نہیں تھا جس پر صوبائی وزیرصحت بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کی تیسری ہیلتھ کیئر لیڈرشپ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، پاکستان میں یونیسف چیف مس فٹسم اسیفا اور صوبائی سیکرٹری ہیلتھ مجیب الرحمٰن پانیزئی سمیت ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم محض آج لیڈرشپ کانفرنس یا صحت کی دیکھ بھال پر بات نہیں کر رہے ہیں بلکہ ہم اپنے صوبے کے ایک ایسے صحتمند مستقبل کی تیاری کر رہے ہیں جو تمام محروم اور بےآواز لوگوں کو بھی تحفظ دے سکے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ لیڈرشپ اور مینجمنٹ کا سلسلہ ایک مسلسل عمل ہے اور یہ صرف صحت کے شعبہ تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کی ضرورت تمام دیگر شعبوں میں بھی ہے۔ ایسی معنی خیز سرگرمیوں کی بلوچستان میں اور پھر بلخصوص ہمارے دورافتادہ اضلاع میں زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبہ کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ یہاں کی قلیل مگر منتشر آبادی کو تمام بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانا ایک مشکل کام ہے لہٰذا ہم اقوام متحدہ اور دیگر انٹرنیشنل اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ہماری بھرپور معاونت اور رہنمائی کریں تاکہ ہمارا کوئی ایک فرد بھی محروم نہ رہ جائے۔ آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے تیسری ہیلتھ کیئر لیڈرشپ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر تمام منتظمین اور مہمانان گرامی مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم اور الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ ماڈیول کا باضابطہ افتتاح کیا۔

