اسلام آباد( الفجرآن لائن) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے اپنے اسلام آباد کیمپس میں پہلی ‘المنوائے ایکسیلنس ایوارڈز 2026’ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا، جس کا مقصد انڈسٹری، پبلک سروس، انٹرپرینیورشپ اور ریسرچ کے شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دینے والے سابق طلبہ کی خدمات کا اعتراف کرنا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصیہ یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر تھے، جنہوں نے صدارتی خطاب کیا۔ یہ ایوارڈز کامسیٹس کے 1 لاکھ 17 ہزار سے زائد گریجویٹس پر مشتمل عالمی نیٹ ورک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہیں، اور اب یہ تقریب ہر سال منعقد کی جائے گی۔
یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے اپنے خطاب میں تمام ایوارڈ یافتگان اور فائنلسٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ کامسیٹس کے سابق طلبہ کی کامیابیاں یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور معاشرے کے لیے مفید شہری تیار کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گریجویشن کے بعد یونیورسٹی اور طالب علم کا رشتہ ختم نہیں ہوتا بلکہ ایک عمر بھر کی شراکت داری میں بدل جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامسیٹس اپنے نامور سابق طلبہ کو موجودہ طلبہ کی رہنمائی (Mentorship)، ریسرچ کی سرپرستی، اور انڈسٹری کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے فعال طور پر شامل کرے گا۔ اس سے قبل، انچارج اسلام آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر مجید اقبال خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور مختلف شعبوں میں المنوائے کی کارکردگی کو سراہا۔
تقریب میں ساتوں کیمپسز سے میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیے گئے مایہ ناز گریجویٹس کو درج ذیل کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے:
پروفیشنل اچیومنٹ ایوارڈ: اسلام آباد کیمپس کے ڈاکٹر سید مظاہر عباس (لیڈ اینٹینا ڈیزائن انجینئر، جی ایم ای آسٹریلیا) کو دیا گیا، جبکہ عاطف اعوان اور ڈاکٹر انعم علی رنرز اپ رہے۔
انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ایوارڈ: لاہور کیمپس کے فرقان عزیز (سی ای او، انو زون) کو ملا، جبکہ محسن سدبرگ اور عمر شعیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
سوشل امپیکٹ اینڈ کمیونٹی سروس ایوارڈ: ورچوئل کیمپس کے ڈاکٹر محمد ریحان رشید (سی ای او، میڈیا ٹیز فاؤنڈیشن) کے نام رہا، جبکہ جنید حسن اور محمد عدیل جاوید رنرز اپ رہے۔
ڈسٹنگوشڈ ینگ المنوائے ایوارڈ: لاہور کیمپس کی افراء تہلیل کو سول سروسز امتحانات میں شاندار کامیابی پر دیا گیا، جبکہ محمد فہد خان اور منیب الحسن رنرز اپ رہے۔

