استنبول (الفجرآن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران استنبول کے تاریخی وحدتین پیلس میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم دوطرفہ ملاقات کی ہے۔ اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت دونوں ممالک کے وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک-ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور باہمی تعاون کی موجودہ مثبت سمت پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارتی، اقتصادی اور سفارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، پیٹرولیم کی تلاش، معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اردوان نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کے مشترکہ ہدف کو جلد از جلد حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایران اور امریکہ کے مابین کامیاب ثالثی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جس کے نتیجے میں تاریخی ‘اسلام آباد مفاہمت نامہ’ طے پایا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امن کوششوں کی حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی امور پر غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا اور ترکیہ میں رواں سال ہونے والے آٹھویں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

