لندن ( الفجرآن لائن) برطانوی شاہی خاندان کے سابق رکن شہزادہ ہیری اگلے ہفتے لندن کے اپنے اہم دورے پر اکیلے آئیں گے، جبکہ ان کی اہلیہ میگن مارکل اور دونوں بچے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ان کے ہمراہ نہیں ہوں گے۔ شہزادہ ہیری کے ترجمان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ برطانوی حکومت کی طرف سے پولیس پروٹیکشن فراہم نہ کرنے کے فیصلے کے بعد میگن، شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کا لندن کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہزادہ ہیری برطانوی ہوم آفس (وزارت داخلہ) کے خلاف سکیورٹی ڈاؤن گریڈ کیے جانے پر طویل عرصے سے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وہ 2020 میں شاہی ذمہ داریاں چھوڑنے کے بعد سے خاندان کے لیے سرکاری سکیورٹی کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور انہوں نے پاپرازی (فوٹوگرافرز) کے شدید ہجوم کے باعث اپنے بچوں کی حفاظت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد اب یہ امیدیں دم توڑ گئی ہیں کہ شاہ چارلس اپنے پوتوں اور پوتی سے ملاقات کر سکیں گے، جنہیں انہوں نے 2022 کے بعد سے نہیں دیکھا۔ اگرچہ شہزادہ ہیری لندن کے فلاحی پروگرامز میں اکیلے شرکت کریں گے، تاہم یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ برمنگھم میں ہونے والے ‘انویٹس گیمز 2027’ کی تقاریب کے لیے ان کا خاندان براہ راست وہاں پہنچ کر ان کا ساتھ دے سکتا ہے

