اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ مارگلہ کی حدود شاہین چوک، ائیر یونیورسٹی اور بحریہ یونیورسٹی کے سامنے پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں پاکستان ائیر فورس کے گروپ کیپٹن عاصم طارق جاں بحق ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک نامعلوم نوجوان مبینہ طور پر ایک لڑکی کو زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق نے دونوں فریقین کے درمیان بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی۔ اس دوران نامعلوم مسلح ملزم نے پستول سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گولی گروپ کیپٹن عاصم طارق کو لگی۔ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد گروپ کیپٹن عاصم طارق کی میت کو پاکستان ائیر فورس ہسپتال یونٹ ٹو منتقل کر دیا گیا، جبکہ تھانہ مارگلہ پولیس کے ایڈیشنل ایس ایچ او صدیق اور ڈیوٹی افسر نوید فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس نے واقعے میں موجود لڑکی، جس کی شناخت نمرا کے نام سے ہوئی ہے، کو تحویل میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے، جبکہ فائرنگ کرنے والا ملزم اور اس کے ساتھی گاڑی سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

