کوئٹہ (الفجرآن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زیارت میں فتنہ الخوارج کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی ہلاکت ہماری سیکیورٹی فورسز کی بہادری، بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بلوچستان پولیس کے جوانوں نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا اور فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیوں کی مثال قائم کی، جنہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے دہشت گردوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دشنام طراز سن لیں کہ بلوچستان پاکستان کا مضبوط قلعہ ہے۔ یہاں ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام صرف اور صرف شکست اور ہلاکت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی اور دہشت گرد اب کہیں بھی چھپ نہیں سکیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ہر شہید کے خون کا حساب لیا جائے گا اور دہشت گردوں کو قانون کی گرفت یا جہنم کے سوا کوئی راستہ نہیں ملے گا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ بلوچستان میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے کے امن، ترقی اور استحکام کے خلاف ہر سازش کو طاقت، عزم اور قومی یکجہتی سے خاک میں ملا دیا جائے گا

