اسلام آباد( الفجرآن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع زیارت میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے بزدلانہ اور مہلک دہشت گردانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کی سالمیت پر حملہ قرار دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ بیرونی سرپرستی میں پلنے والے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
وزیر داخلہ نے حملے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے 9 پولیس اہلکاروں، جن میں دو ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں، کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی فوری اور انتہائی پیشہ ورانہ جوابی کارروائی کو سراہا، جس کے نتیجے میں حملے میں ملوث 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ملک دشمن عناصر کے انڈین اسپانسرڈ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ حکومت بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے اور اقتصادی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر بیرونی سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے

