کراچی ( الفجرآن لائن)پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق شارجہ سے کراچی آنے والا ‘کے ٹو ایئر ویز’ کا بوئنگ 400-737 کارگو طیارہ بحیرہ عرب کے اوپر پرواز کے دوران اچانک لاپتہ ہو گیا ہے۔ طیارے میں عملے کے 5 ارکان سوار تھے۔ ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق لاپتہ ہونے سے چند منٹ قبل پائلٹ نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد رات 9 بج کر 21 منٹ پر کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل دور طیارے کا راڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق طیارہ آخری لمحے میں انتہائی تیزی سے سمندر کی طرف گرا۔
طیارے کی تلاش کے لیے پاک فوج، بحریہ اور پاک فضائیہ کے تعاون سے ایک بہت بڑا مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے جنگی جہاز ‘پی این ایس ذوالفقار’ کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے تجارتی جہاز ‘لاہور’ کو بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔ فضا سے نگرانی کے لیے پاک فضائیہ کا ‘ساب’ طیارہ بھولیری بیس سے اور پاک بحریہ کا ‘ATR-72’ طیارہ تربت سے اڑان بھر کر سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ تاحال طیارے کا ملبہ یا عملے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، اور آپریشن متبادل گرڈز کے تحت جاری ہے۔

