راولپنڈی ( الفجرآن لائن)بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری ‘آپریشن شعبان’ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مزید 9 خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس تازہ کارروائی کے بعد آپریشن شعبان کے تحت ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی کل تعداد 52 ہو گئی ہے۔ یہ کارروائی پاک فوج، فرنٹئیر کانسٹیبلری (ایف سی) بلوچستان اور بلوچستان پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس آپریشن میں فضائی اور زمینی دونوں قوتوں کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ واضح رہے کہ یہ گرینڈ آپریشن زیارت میں منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر ہونے والے حالیہ بزدلانہ حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ صوبے بھر میں جاری مختلف کارروائیوں میں 5 جولائی سے اب تک مجموعی طور پر 88 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔

