بلوچستان کا امن تباہ کرنے والے درندے اب عبرت کا نشان بن رہے ہیں، بلوچستان کی دھرتی پر معصوم لوگوں کا خون بہانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں
اسلام آباد (الفجر آن لائن ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب ’’آپریشن شعبان‘‘ پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں مزید 5 خوارجیوں کی ہلاکت پر فورسز کی بہادری کو سلام پیش کیا ۔
ایک بیان میں محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر زمینی اور فضائی کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے والے درندے اب عبرت کا نشان بن رہے ہیں، بلوچستان کی دھرتی پر معصوم لوگوں کا خون بہانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ آپریشن شعبان‘‘ اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں اب تک 114 خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہماری فورسز انتہائی متحرک، پروفیشنل اور الرٹ ہیں۔
انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

