محکمہ داخلہ پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
راولپنڈی (الفجر آن لائن )محکمہ داخلہ پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ۔
پولیس اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ مہم کے دوران اب تک ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد غیر ملکی شہریوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے۔
جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی اور انخلاکا عمل بلا تعطل جاری ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں، شناختی دستاویزات کی جعلسازی یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی پالیسی کے تحت پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جارہی ہے۔
اس مہم کے تحت اب تک پنجاب سے ایک لاکھ 38 ہزار 342 جبکہ ملک بھر سے مجموعی طور پر 25 لاکھ 88 ہزار 16 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ان کے وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں رہائشی علاقوں، مارکیٹوں اور دیگر مقامات پر نگرانی اور جانچ کا عمل جاری ہے۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو تحویل میں لے کر ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے، جہاں ان کی رجسٹریشن، عارضی رہائش اور دیگر قانونی تقاضے مکمل کیے جاتے ہیں۔
بعد ازاں انہیں طورخم بارڈر کے ذریعے افغان حکام کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں اس وقت 36 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں، جن میں موجود غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی واضح پالیسی کے مطابق قابل قبول ویزا یا قانونی سفری دستاویزات کے بغیر کسی بھی افغان شہری کا پاکستان میں قیام غیر قانونی ہے۔
اس لیے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اطلاع دینے والے شہریوں کی شناخت مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھی جاتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کارروائیاں صرف غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کی جا رہی ہیں، جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب کا فارن نیشنل سکیورٹی سیل راولپنڈی سمیت پورے صوبے میں اس مہم کی مسلسل نگرانی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری انجام دے رہا ہے۔

