کوئٹہ( الفجرآنلائن) فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کے سینئر افسران نے ضلع زیارت میں دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام بنانے والے پولیس کے بہادر شہداء کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد وطنِ عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قومی ہیروز کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
ایف سی کے سینئر حکام نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی، وہاں پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر افسران نے شہداء کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ فورسز ان کے غم میں برابر کی شریک ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا۔
ملاقات کے دوران ایف سی حکام نے پاک فوج اور تمام سیکیورٹی اداروں کے مشترکہ عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور بقا کے لیے پولیس کے ان 27 بہادر جوانوں کا بہنے والا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے ‘فتنہ الخوارج’ اور ‘فتنہ الہندوستان’ کے آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی اور ارضِ پاک کو امن کا گہوارہ بنا کر دم لیں گی

