کوئٹہ( الفجرآن لائن): حکومت بلوچستان نے صوبے میں پہلی بار ای-ڈومیسائل اور ای-لوکل سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ڈومیسائل اور لوکل سرٹیفکیٹ کے اجراء کا پورا عمل جدید، شفاف اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر اس اہم اصلاحاتی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ بلوچستان نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے تعاون سے انٹیگریٹڈ ڈومیسائل مینجمنٹ سسٹم (IDMS) کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے شاہد رند نے کہا کہ نظام مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد بلوچستان کے شہری پاکستان بھر میں کسی بھی نادرا سینٹر، ڈپٹی کمشنر آفس یا Pak-ID پلیٹ فارم کے ذریعے ای-ڈومیسائل اور ای-لوکل سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ اس اقدام سے عوام کو غیر ضروری مشکلات، تاخیر، مڈل مین کے کردار اور جعلی سرٹیفکیٹس کے اجراء جیسے مسائل سے نجات ملے گی انہوں نے کہا کہ یہ جدید نظام شہریوں کے ڈیٹا کی درستگی، تحفظ اور آسان رسائی کو یقینی بنائے گا، جبکہ سرکاری محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تصدیق کے قابل، محفوظ اور صوبہ بھر پر مشتمل مربوط ڈیٹا بیس بھی فراہم کرے گا، جس سے انتظامی امور اور سیکیورٹی نظام مزید مؤثر ہوگا شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان عوامی خدمات کو ڈیجیٹل، شفاف اور آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور ای-ڈومیسائل و ای-لوکل سرٹیفکیٹ سسٹم اسی وژن کی ایک اہم کڑی ہے۔

