راولپنڈی (الفجرآن لائن): فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ نے سال 2026 کے لیے اپنا تیسرا کارپوریٹ بریفنگ سیشن منعقد کیا، جس کا مقصد کاروباری شفافیت، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مضبوط رابطے اور بہترین کارپوریٹ گورننس کے اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔ یہ سیشن ایف ایف سی کے کارپوریٹ ہیڈ آفس راولپنڈی سے ورچوئل (آن لائن) طریقہ کار کے تحت منعقد کیا گیا۔

اس بریفنگ کا بنیادی مقصد 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی پہلی ششماہی کے دوران کمپنی کی مالیاتی اور آپریٹنگ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کرنا تھا اس سیشن میں مالیاتی تجزیہ کاروں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جو کمپنی کے بنیادی ڈھانچے، سرمائے کی ترجیحات اور حکمت عملی پر مارکیٹ کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ اس بریفنگ کا باضابطہ نوٹس 31 جولائی 2026 کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرایا گیا تھا۔
سیشن کے آغاز میں ہیڈ آف انویسٹر ریلیشنز سید عمران رضوی نے کارپوریٹ بریفنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے سیشنز سرمایہ کاروں کو باخبر فیصلوں میں مدد فراہم کرنے، معلومات کی فراہمی میں شفافیت لانے اور شیئر ہولڈرز کے اعتماد کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
بعد ازاں، چیف فنانشل آفیسر سید عاطف علی نے سال کی پہلی ششماہی کی مالی کارکردگی اور آپریشنل نتائج کا جامع احاطہ کیا۔ انہوں نے معاشی اور شعبہ جاتی چیلنجز کے باوجود کمپنی کی پیداوری صلاحیت، درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت اور حاصل کردہ کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ سی ایف او نے شرکاء کو کمپنی کے اہم مالیاتی اشاریوں، مستقبل کی ترجیحات اور حکمت عملی کے بارے میں بھی بتایا۔
سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں سی ایف او نے سرمایہ کاروں کے تمام سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔ کمپنی انتظامیہ نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ ایف ایف سی آپریشنل عمدگی، پائیدار آمدنی، سرمائے کے بہتر استعمال اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے طویل مدتی فائدے کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پیش رفت جاری رکھے گی۔

