مظفرآباد (الفجرآن لائن) آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 16 باغ تھری شرقی کے دو پولنگ اسٹیشنز پر مقررہ وقت گزرنے کے باوجود پولنگ شروع نہ ہونے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ہنگامی شکایت جمع کرا دی ہے اور متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر فوری طور پر پولیس تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی اور حلقہ ایل اے 16 کے امیدوار سردار قمر زمان کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن نمبر **109 اور 110** پر ووٹرز پہنچ چکے ہیں، تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود پولنگ شروع نہیں ہوسکی۔
پیپلز پارٹی کے مطابق معاملہ محض پولنگ عملے یا انتخابی سامان کی عدم دستیابی کا نہیں بلکہ دونوں پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کے آغاز میں رکاوٹ ڈالے جانے کا ہے۔ پارٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ ایسی صورتحال میں صرف ریٹرننگ آفیسر کی مداخلت کافی نہیں، بلکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی تعیناتی بھی ضروری ہے۔
شکایت میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس بات کا فوری تعین کیا جائے کہ پولنگ کے آغاز میں کون رکاوٹ ڈال رہا ہے اور یہ عمل کس اختیار کے تحت کیا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو یاد دلایا کہ حلقہ ایل اے 16 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 61 اور پینٹوپی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 141 پر بھی پولنگ شروع نہ ہونے سے متعلق الگ الگ شکایات پہلے ہی جمع کرائی جا چکی ہیں۔
پارٹی کے مطابق اس طرح حلقے کے مجموعی طور پر چار پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ نہ ہونے کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے آچکا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ چاروں متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر فوری طور پر پولیس فورس تعینات کی جائے
پولنگ کے آغاز میں رکاوٹ ڈالنے والے افراد کو ہٹایا جائے اور پولنگ اسٹیشنز سمیت وہاں تک رسائی کے راستوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ ووٹرز بلاخوف اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن سیل کے انچارج عبدالشکور نے پارٹی اور حلقہ ایل اے 16 کے امیدوار سردار قمر زمان کی جانب سے شکایت چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ارسال کی۔
شکایت کی نقول حلقہ ایل اے 16 کے ریٹرننگ آفیسر، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر باغ، ڈپٹی کمشنر باغ، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس باغ اور سردار قمر زمان کو بھی ارسال کی گئی ہیں

