اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے دورے کے دوران ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن و سلامتی اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان حالیہ مکہ دفاعی معاہدے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے ایرانی قیادت کو علاقائی صورتحال سے متعلق خصوصی اور اہم پیغام بھی پہنچایا۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی قیادت کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان طے پانے والے حالیہ معاہدے سے آگاہ کیا اور اس معاملے پر ایرانی قیادت کو اعتماد میں لیا۔
ملاقاتوں میں خطے میں امن کے قیام، کشیدگی میں کمی اور باہمی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیر داخلہ نے ایرانی قیادت کو پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر علاقائی سلامتی اور بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی فیلڈ مارشل کی معاونت کر رہے ہیں، جو خطے میں امن مذاکرات کے حوالے سے اہم سفارتی رابطوں کی قیادت کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل خلیجی ممالک، ایران اور امریکہ کے اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔پاکستان کی جانب سے ایران سمیت خطے کے تمام اہم ممالک کے ساتھ رابطوں کا مقصد علاقائی کشیدگی میں کمی، امن کے فروغ اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنانا قرار دیا گیا ہے

