علیحدگی پسند بیانیے کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، طلبہ اور طالبات سے خطاب
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے اور بلوچ عوام کی ترقی، خوشحالی اور بقا پاکستان کی مضبوطی میں ہے۔ علیحدگی پسند بیانیے کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے یہ بات سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں پاکستان بھر کے 21 اسٹیشنز سے 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں دہشت گردی، ریاست مخالف پروپیگنڈے، افغانستان، سوشل میڈیا اور گورننس سمیت مختلف امور پر طلبہ سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور دیگر دہشت گرد عناصر تشدد کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست اور عوام مل کر ان عزائم کو ناکام بنائیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ انسانی حقوق، بالخصوص مسنگ پرسنز کے عنوانات کو ریاست مخالف بیانیے اور دہشت گردی کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت بلوچستان اور سیکیورٹی فورسز مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہیں۔افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ افغانستان میں موجود پاکستان مخالف عناصر کے حوالے سے افغان عبوری حکومت کو اپنے عالمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبول بیانیہ ہمیشہ حق کا بیانیہ نہیں ہوتا، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہی حق کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے مواد کو تنقیدی نظر سے دیکھیں اور درست معلومات کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کریں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی، تعلیم، روزگار اور بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی مثبت سوچ اور صلاحیتیں بلوچستان سمیت پورے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں

