کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع سوراب میں سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کارروائی کے دوران 18 دہشت گردوں کے خاتمے کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف جنگ میں ریاستی عزم غیر متزلزل ہے اور اس حوالے سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور دلی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام صرف امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں، جبکہ صوبے کے امن دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے عوام کو ترقی اور خوشحالی کے سفر سے محروم کرنا چاہتے ہیں، جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے واشگاف الفاظ میں عزم دہرایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں اور معاونت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز اور سخت ترین کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے سامنے کسی صورت نہیں جھکے گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبے میں امن کے دشمنوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ریاست اپنی رٹ ہر صورت برقرار رکھے گی۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا حتمی عزم ہے

