راولپنڈی(الفجرآن لائن) بلوچستان کے ضلع سراب میں کار بم دھماکے اور سیکورٹی فورسز کے جوائنٹ آپریشن کے نتیجے میں دہشت گرد تنظیم ‘فتنہ الہندوستان’ کے 18 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ دھماکے کی زد میں آکر 3 مقامی شہری بھی لقمہ اجل بن گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 12 اگست 2026 کی صبح دہشت گردوں کی جانب سے تیار کیا جانے والا کار بم تیاری کے دوران ہی قبل از وقت پھٹ گیا۔ اس دھماکے اور وہاں ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے یکے بعد دیگرے دھماکوں کے نتیجے میں 8 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، تاہم بدقسمتی سے قریبی موجود 3 معصوم شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کر کے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر فورسز نے انہیں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید 10 دہشت گرد مارے گئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی جوان بھی زخمی ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے مطابق بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

