شانگلہ(الفجرآن لائن)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے سورینج کول مائن حادثے کی ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وفاقی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن مدد و معاونت جاری رکھے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز جرگہ ہال الپوری، شانگلہ میں سورینج کول مائن، بلوچستان کے المناک حادثے میں شہید ہونے والے مزدوروں کے لواحقین میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد، شانگلہ کے ڈپٹی کمشنر، مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت، وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی کے اعلیٰ حکام، پارٹی عہدیداران، ذمہ داران اور متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد کی جانب سے سورینج کول مائن بلوچستان کے حادثے میں شہید ہونے والے مزدوروں کے لواحقین میں 10،10 لاکھ روپے کے مالی امداد کے چیکس تقسیم کیے گئے یہ امدادی چیکس وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایت پر جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امداد کی فراہمی کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی مشکلات کو کم کرنا اور انہیں اس مشکل وقت میں حکومتی تعاون کا احساس دلانا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد صرف امدادی چیکس تقسیم کرنا نہیں بلکہ متاثرہ خاندانوں کے مسائل اور ضروریات کا براہِ راست جائزہ لینا بھی ہے۔
متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام متاثرہ خاندانوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کریں اور مزید امدادی چیکس بھی جلد فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شانگلہ کے محنت کش ملک کے چاروں صوبوں میں روزگار کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی کی جانب سے مزدوروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے شانگلہ میں ای او بی آئی کا دفتر بھی قائم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چاروں صوبوں کے متعلقہ نمائندے اور مزدوروں کے نمائندے مل بیٹھ کر کوئلہ کانوں کو محفوظ بنانے کے لیے قابلِ عمل حل
تلاش کریں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے انہوں نے کہا کہ کوئلہ کان مزدوروں کے تمام جائز مطالبات جلد حل کیے جائیں گے۔
انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ حادثات میں شہید ہونے والے مزدوروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات ورکرز ویلفیئر فنڈ برداشت کرے گا۔ شہید مزدوروں کے بچوں کی فیس، ہاسٹل اور دیگر تعلیمی اخراجات بھی ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے ادا کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انسانیت کا جذبہ رکھنے والا ہر شخص متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے آگے بڑھے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی ہے، اور صوبائی حکومت کو بھی متاثرہ خاندانوں کی خدمت اور تعاون کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ سکل ڈیولپمنٹ اسکیم کے ذریعے شانگلہ کے بچوں کو ہنرمند بنایا جائے گا تاکہ انہیں باعزت روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے شانگلہ کے لیے دانش اسکول کے قیام کا تحفہ دینے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دانش اسکول میں شانگلہ کے بچے مفت تعلیم حاصل کریں گے اور زمین کی دستیابی کے ساتھ ہی اسکول کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انہوں نے شانگلہ کی ترقی کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ شانگلہ میں تین گرڈ اسٹیشن قائم کیے گئے جبکہ بشام روڈ سمیت مختلف تحصیلوں میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے بھی مکمل کیے گئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو ملنے والی عزت اور کامیابی پوری پاکستانی قوم کی کامیابی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں سے پاکستان اور امتِ مسلمہ کو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی سطح پر پاکستانی عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں
اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ عالمی امن اور مارکیٹ میں استحکام آنے پر اس کا فائدہ عوام کو براہِ راست منتقل کیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی جماعت ہے اور حکومت کو عوام کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ شہید مزدوروں کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے۔ سورینج کول مائن حادثے کے شہداء کے لواحقین کو 10،10 لاکھ روپے کے امدادی چیکس کی فراہمی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
جناب ذوالفقار احمد نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ہدایات جاری کیں، جن کی روشنی میں ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد کی جانب سے امدادی چیکس کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔
انہوں نے چوہدری سالک حسین کی خصوصی دلچسپی، کاوشوں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردانہ رویے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے کہا کہ حکومت مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
شہید مزدوروں کے بچوں کی تعلیم سمیت دیگر جائز ضروریات کی تکمیل کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ وفاقی حکومت انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔

