کوئٹہ ( الفجرآن لائن) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم اور اہلِ بلوچستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہمارے بزرگوں نے جانوں کے نذرانے دے کر آزاد وطن حاصل کیا، جبکہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں آزاد ریاست کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان بھر میں جشنِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور صوبے کا بچہ بچہ وطن کے عظیم شہداء کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ قوم ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شہداء کا مقدس خون ہمارے لیے انتہائی قابلِ احترام اور ان کی قربانیاں ہمارا قومی سرمایہ ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوجوانوں کے حوالے سے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کا مستقبل تعلیم، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور جدید علوم سے وابستہ ہے۔ نوجوانوں کے لیے متعدد نئی اسکیمیں اور اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ میرٹ بیسڈ ریکروٹمنٹ کا نظام نوجوانوں کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گا۔ تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر گمراہ کن پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کو ریاست سے دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم نوجوان ان کے پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے ملک سنوارنے اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ دہشت گردی کے ذریعے بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلنے والوں کا مقدر شکست ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی دائمی فتح کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنائے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو خطے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت و وقار میں اضافے کا ہر اقدام بلوچستان میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترقی کرتا اور آگے بڑھتا دیکھ کر بلوچستان کے عوام کے دل خوشی سے بھر جاتے ہیں، کیونکہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے۔
]

