اسلام آباد(الفجرآن لائن) شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کی ممکنہ آمد کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسپتال کو ہائی سیکیورٹی الرٹ پر رکھا گیا ہے جبکہ ایگزیکٹو فلور ای فور کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال میں ایک مخصوص وارڈ/اپارٹمنٹ خالی کرا کے پولیس نے اپنی سیکیورٹی میں لے لیا ہے، جبکہ اس کے اطراف کا علاقہ بھی کلیئر کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی زون میں تعینات اسٹاف کے موبائل فونز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال آمد کی صورت میں گیٹ نمبر ایک کو ان کے داخلے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، جبکہ اسپتال کے دیگر تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔
مختلف مقامات پر پولیس کے ناکے بھی قائم کیے گئے ہیں۔شفا انٹرنیشنل اسپتال کی جانب آنے والے متعدد راستے بند کیے جا رہے ہیں جبکہ اسپتال کے پارکنگ ایریاز بھی خالی کرائے جا رہے ہیں۔
اسپتال کے اندر اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور سینئر پولیس افسران سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسپتال میں سیکیورٹی کے لیے جیمرز بھی فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور سینئر ڈاکٹرز کو بھی اسپتال میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکیورٹی انتظامات کے باعث اسپتال کے معمول کے داخل و خروج کے نظام کو بھی محدود کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر اْزما اور ڈاکٹر فیصل سلطان سمیت میڈیکل بورڈ کے ارکان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا، جس کے بعد میڈیکل بورڈ کے ارکان جیل سے روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کو مزید طبی معائنے یا علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
تاہم حتمی فیصلہ طبی ماہرین کی سفارشات اور متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔شفا انٹرنیشنل اسپتال میں سیکیورٹی انتظامات تاحال برقرار ہیں اور اسپتال کے اندر اور اطراف کی صورتِ حال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں

