اسلام آباد (الفجرآن لائن) ملک میں مہنگائی کے دباؤ میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، 20 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،
جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 10 اشیاء سستی ہوئیں اور 18 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 14.17 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پٹرول 3.77 فیصد اور مرغی کا گوشت 3.35 فیصد مہنگا ہوا۔
اس کے علاوہ لہسن کی قیمت میں 2 فیصد اور چنے کی دال کی قیمت میں 0.93 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ویجیٹیبل گھی، تازہ دودھ اور گندم کا آٹا بھی ایک ہفتے کے دوران مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل رہے۔
بیف، گڑ، دہی، چاول اور سگریٹ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب ہفتہ وار بنیادوں پر انڈے 5.78 فیصد اور ڈیزل 5.15 فیصد سستا ہوا۔
ٹماٹر کی قیمت میں 4.99 فیصد، آلو میں 1.17 فیصد، ایل پی جی میں 1.04 فیصد جبکہ کیلے کی قیمت میں 0.91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں
نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ ایک سال کے دوران پیاز کی قیمت میں 132.52 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ٹماٹر 93.21 فیصد اور گندم کا آٹا 62.25 فیصد مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 51.69 فیصد، ڈیزل میں 33.08 فیصد جبکہ پٹرول کی قیمت میں 27.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سالانہ بنیادوں پر آلو کی قیمت میں 30.01 فیصد اور چینی کی قیمت میں 19.10 فیصد کمی ہوئی۔
اسی طرح ایک سال کے دوران مرغی کا گوشت 17.68 فیصد اور انڈے 17.41 فیصد سستے ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں اضافہ جاری ہے، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے

