اسلام آباد(الفجر آن لائن) شہریوں کو پاسپورٹ کی بہتر اور آسان سہولیات کی فراہمی کے لیے 8 علاقائی پاسپورٹ دفاتر کے اوقات کار میں توسیع کردی گئی ہے۔
توسیع شدہ شیڈول کے تحت فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، پشاور، راولپنڈی، حیدرآباد اور کوئٹہ کے علاقائی پاسپورٹ دفاتر میں دو شفٹوں میں صبح 8 بجے سے رات 12 ب تک کام ہوگا۔
اوقات کار میں توسیع سے شہریوں کو اپنی سہولت کے مطابق پاسپورٹ خدمات حاصل کرنے کے لیے اضافی وقت میسر آئے گا۔
جبکہ اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ دفاتر تک عوام کی رسائی آسان بنانا اور انہیں بہتر سروس ڈیلیوری فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق توسیع شدہ اوقات کار سے پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے انتظار کے اوقات کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
اس حوالے سے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت زونل ہیڈز اور سینئر افسران کا اجلاس بھی ہوا۔
جس میں سروس ڈیلیوری، عوامی سہولیات اور علاقائی پاسپورٹ دفاتر سے متعلق مختلف پالیسی امور کا جائزہ لیا گیا۔

