اسلام آباد(الفجر آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر نادرا نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے مفت اجراء کی سہولت فراہم کردی ہے۔
نادرا کے مطابق پنشنرز اب گھر بیٹھے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
موبائل ایپ استعمال نہ کرنے والے پنشنر کی جانب سے خاندان کا کوئی فرد بھی یہ سرٹیفکیٹ بنوا سکتا ہے۔پروف آف لائف کی مفت سہولت ملک بھر میں 5 ہزار ای سہولت فرنچائزز، 988 نادرا مراکز اور 500 یونین کونسلز پر بھی دستیاب ہوگی۔
نادرا مراکز اور یونین کونسلز میں پنشنرز کو ترجیحی بنیادوں پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔
نادرا کے مطابق موبائل رجسٹریشن وین، بائیکر سروس اور مین پیک سروس کے ذریعے بھی پنشنرز کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ اقدام وزارت داخلہ، وزارت دفاع، اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان اور ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔
نادرا نے سی جی اے اور ایم اے جی کے پنشنرز کے لیے نیشنل پنشنرز رجسٹر بھی قائم کردیا ہے، جو پنشنر کی شناخت اور پروف آف لائف اسٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق کا مستند ذریعہ ہوگا۔
پنشنر کی وفات ڈیتھ نوٹیفکیشن ٹول یا سی آر ایم ایس میں درج ہونے کی صورت میں متعلقہ پنشن کنٹرولر کو خودکار طور پر اطلاع مل جائے گی۔
اسی طرح ثانوی یا فیملی پنشنرز کی عمر یا ازدواجی حیثیت میں تبدیلی سے بھی متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔
نادرا کے مطابق پنشن جاری رکھنے، تبدیل کرنے یا بند کرنے کا فیصلہ متعلقہ مجاز پنشن اتھارٹی کرے گی۔
جبکہ مجاز بینک نیشنل پنشنرز رجسٹر سے پنشنر کا پروف آف لائف اسٹیٹس براہِ راست چیک کرسکیں گے۔
ڈیجیٹل تصدیق کے نظام سے پنشنرز کو بار بار ذاتی حاضری اور کاغذی تصدیق کی ضرورت کم ہوگی۔
نادرا کے مطابق مستقبل میں دیگر سرکاری اور نجی اداروں کے پنشنرز کو بھی نیشنل پنشنرز رجسٹر میں شامل کیا جائے گا۔

