اسلام آباد(الفجرآن لائن) سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن عظمی خان کی توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی۔
بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر عمران خان کی بہن عظمی خان نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں عمران خان کو علاج کیلئے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ بھی آئے تھے تاکہ درخواست کو جلد سماعت کیلئے مقرر کروایا جا سکے۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمی خان کی توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی ۔ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے فریقین پر توہین عدالت کے الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے ابتدائی اعتراض عائد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے اعتراضات عبوری نوعیت کے ہیں، اعتراضات برقرار رکھنے یا دور کرنے کا فیصلہ مجاز اتھارٹی کرے گی۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ سے فیسیلیٹشن سینٹر میں ملاقات ہوئی، رجسٹررار آفس کی جانب سے ہماری درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا، اعتراض لگایا گیا کہ توہین کے مرتکب افراد کو الزامات کی لسٹ نہیں بھیجی گئی۔
پی ٹی آئی نے اعتراض دور کرکے توہین عدالت کی درخواست دوبارہ سپریم کورٹ میں دائر کر دی ۔

