کوئٹہ (الفجرآن لائن)وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی خصوصی ہدایات پر صوبائی حکومت نے عید میلاد النبی ﷺ اور ماہِ ربیع الاول کے جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں معاون برائے بابر یوسفزئی نے اہلِ سنت کے مقتدر علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں ربیع الاول کی تقریبات، سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران علمائے کرام نے صوبائی حکومت کی جانب سے کیے گئے پیشگی انتظامات اور سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ مذہبی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا مبارک دن صوبے بھر میں روایتی مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا اور اہلِ اسلام جشنِ آمدِ رسولِ اکرم ﷺ کے موقع پر تمام تقریبات میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے۔ علمائے کرام نے امن و امان کے قیام اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اجلاس میں عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی اور ذیلی جلوسوں کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ ربیع الاول کے دوران جلوسوں کے منتظمین اور زائرین کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ صوبے کا پرامن ماحول برقرار رہے اور شہری مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی خوشیاں منا سکیں

